19 C
Lahore
Saturday, December 14, 2024

Book Store

لنکڈ اِن پروفائل سے اپنے کیرئیر کو چار چاند لگائیں

کمپیوٹر سائنس

لنکڈ اِن ۔پروفائل سے اپنے کیرئیر کو چار چاند لگائیں

دنیا کے سب سے مؤثر پروفیشنل نیٹ ورک کو استعمال کرنے کے چند سربستہ راز جن کا جاننا آپ کے لیئے از حد ضروری ہے

تحریر: راؤ محمد شاہد اقبال

اسمارٹ ڈیوائسز مثلا موبائل فونز، ٹیبلیٹس اور دیگر آلات کے طفیل اب انٹرنیٹ سے کسی بھی جگہ رابطہ کرنا ذرا مشکل نہیں رہا۔ انٹرنیٹ کی اس فراوانی کے باعث ایک شخص صرف اس معاشرے کا حصہ نہیں جہاں وہ رہتا ہے بلکہ وہ عملی طور پر ہر اُس معاشرے کا حصہ ہے جہاں تک اس کی پہنچ ہے۔

یہی وجہ ہے کہ مواصلاتی خلا کو پورا کرنے کے لیے نت نئی ایپلیکیشنز آئے روز وجود میں آرہی ہیں جو رابطوں کو مزید بہتر بنانے میں ممدومعاون ثابت ہورہی ہیں ۔

لوگوں کے باہم روابط کے حوالے سے انٹرنیٹ کی دنیا میں دو اصطلاحات مقبول عام ہیں۔ ایک سوشل میڈیا اور دوسری سوشل نیٹ ورکنگ۔ سوشل نیٹ ورکنگ عموماً اس عمل کو کہا جاتا ہے جس میں انسان ایک خاص حلقہ سے مخاطب ہوتا ہے۔ اس میں براہ راست روابط ضروری ہوتے ہیں۔ جبکہ سوشل میڈیا سے مراد انٹرنیٹ کو استعمال کرتے ہوئے اپنی بات پہنچانا ہے۔

آپ چاہے بلاگ لکھیں، اپنی ویب سائٹ بنائیں، کسی اور ویب سائٹ کے ذریعہ اپنے کاروبار کی تشہیر کریں یا فاصلاتی تعلیم دیں۔ یہ سب سوشل میڈیا کا حصہ ہے۔

اس وقت دنیا میں بے شمار ویب سائٹس موجود ہیں جن کے ذریعہ سوشل میڈیا یا نیٹ ورکنگ کا حصول انتہائی آسانی کے ساتھ ممکن ہے۔ کچھ عرصہ پہلے تک عموماََ لوگ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کو صرف موج مستی اور دوستوں رشتے داروں سے رابطے کیلئے ہی استعمال کرتے تھے۔ ایسے میں شدت کے ساتھ کسی ایسے پلیٹ فارم کی ضرورت محسوس ہوتی تھی جہاں لوگوں کو پروفیشنل اپروچ کے ساتھ اپنا کام دکھا نے کا موقع مل سکے اوردنیا بھر میں ملازمت کے حصول میں بھی آسانی ہو۔

بلاشبہ ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ایک ایسی ہی جگہ ہے ۔جہاں پر نہ صرف آپ اپنے پیشہ ورساتھیوں سے جڑ سکتے ہیں، بلکہ پروفائل پر موجودہ یا گزشتہ کمپنیوں کے ہم منصب اور سینئر ساتھیوں سے مشورہ لے کر مستقبل میں ملازمت کے لئے اپنی امیدواری کو بالواسطہ طور پر مضبوط بھی کر سکتے ہیں۔

موجودہ دور میں جب ملازمت کے لئے امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے، ایسے میں’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔پر متحرک مختلف شعبہ ہائے جات کے پیشہ ور افراد کے لئے بنائے گروپ یا کمیونٹی کافی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان پر ہونے والے مباحثے آپ کو بر و قت اپنی مہارت کو بہتر کرنے کے لئے گاہے بہ گاہے آگاہ کرتے رہیں گے، بلکہ یہاں ملنے والے کچھ لوگ صحیح کورس اور انسٹی ٹیوٹ کا انتخاب کرنے میں بھی مدد کر سکتے ہیں۔

’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ پر موجود پروفیشنل ’’ علم بانٹنے سے بڑھتا ہے ‘‘ والے نظریہ پر یقین رکھتے ہیں۔ لہذا یہاں پر نہ صرف آپ دوسرے پیشہ ور افراد کی تجربہ کار باتوں سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، بلکہ خود کے تجربے یا مہارت سے منسلک چیزیں دوسروں کے ساتھ شیئر بھی کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ کیریئر کو متاثر کرنے والی غیر معمولی مہارت رکھنے والے پیشہ ور افراد کے تجربات کو پڑھ کر ان کے نقطہ نظر کو سمجھنے میں بھی یہ پلیٹ فارم بہت مؤثر ہے۔

مثال کے طور پر اگر آپ نیٹ ورک انجینئر ہیں تو ایک سینئر ایڈمن پروفیشنل کے تجربات کو پڑھ کر آپ سمجھ سکتے ہیں کہ آپ اور آپ کے ایڈمن منیجر کے درمیان ہوئے کھنچاؤکی وجہ کیا رہی ہوگی۔موجودہ دور میں ہمارے کیریئر کی ترقی کو تمام محکمہ کے پروفیشنلز کومتاثر کرتے ہیں، ایسے میں ان کے نقطہ نظر کو سمجھنا کافی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اسی نقطے کو سامنے رکھ کر’’ لنکڈ اِن’‘ ۔جیسا پروفیشنل نیٹ ورک متعارف کروایا گیا۔

’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔کی بنیاد ۲۸دسمبر ۲۰۰۲ء کو ایک چھوٹے سے ڈرائنگ روم میں رکھی گئی تھی جسے بعد ازاں۵ مئی ۲۰۰۳ء سے باقاعدہ لانچ کر دیا گیا۔ اس وقت دنیا بھر کے ۲۰۰ ممالک کے پانچ سو تیس ملین سے زیادہ افراد اس کے باقاعد ہ ممبرز ہیں۔

زیادہ تر لوگ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔کو پروفیشل تعلقات قائم کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں کیونکہ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔کا بنیادی مقصد ہی بزنس یا ملازمت سے متعلق نیٹ ورکنگ قائم کرنا ہے۔جس کے لیئے’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ اپنے ممبران کو اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ وہ اس پلیٹ فارم پر موجود دیگر افراد سے رابطہ قائم کر سکیں۔’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔کی بدولت آپ بہت جلد ہی اپنی فیلڈ اور انڈسٹری کے لوگوں سے تعلقات قائم کر سکتے ہیں۔

’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔کا بنیادی ورژن بالکل مفت میں دستیاب ہے جس کی کوئی بھی فیس نہیں ہوتی لیکن اس کا ایک پریمیم ورژن بھی دستیاب ہے جس کی باقاعدہ فیس ہوتی ہے۔ اس پیڈ ورژن کو عموماً کارپوریشن کے سربراہان اور بڑی ، کمپنیز کے سی ای اوز زیادہ پسند کرتے ہیں۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا روایتی مائیکروسافٹ ورڈ میں ٹائپ شدہ ’’سی وی ‘‘غیر مؤثر ہے؟

جو ہم ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔کا استعمال کریں۔ تو جناب اس کا مختصر جواب ہے، جی ہاں۔ اگرچہ بہت سی ملازمتوں کے لیے اب بھی روایتی’’ سی وی ‘‘کی اہمیت باقی ہے لیکن آج کل زیادہ تر بڑی کمپنیز کے ایچ آر مینیجر روایتی’’ سی وی ‘‘کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے کیونکہ ان کو معلوم ہوتا ہے کہ یہ’’ سی وی‘‘ امیدوار نے خود تیار نہیں کی بلکہ کسی نیٹ کلب میں تیار کروائی ہے یا پھر کاپی ،پیسٹ کا نتیجہ ہے۔ جبکہ کمپنیز کے لیے بڑی تعداد میں موجود سی ویز میں سے کسی قابل شخص کو تلاش کرنا بھی ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔

اس لیے حالیہ کچھ سالوں میں دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔کے ذریعے ملازمتیں فراہم کرنے والی کمپنیوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے کیونکہ کارپوریشنز کے ریکروٹمنٹ اسپیشلسٹس’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔کے ذریعے درست امیدوار کو زیادہ جلد اور مؤثر انداز میں تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔’’ لنکڈ اِنــ‘‘ ۔کو استعمال کرنے سے پہلے چند اہم ترین باتیں اچھی طرح ذہن نشین کرلیں کہ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ دیگر سوشل میڈیا فیس بک وغیرہ جیسا قطعاً نہیں ہے بلکہ یہ ایک مکمل پروفیشنل نیٹ ورک ہے۔

اس لیئے یہاں صرف اپنی پروفیشنل شناخت بنائیں اور اپنے مذہبی، نسلی، لسانی، سیاسی، خیالات کا اظہار ہر گز نہ کریں اور نہ ہی ان لوگوں سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کریں جن کا آپ سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہ ہو یا آپ کی پیشہ ورانہ فیلڈ سے وابستگی نہ رکھتے ہوں۔ ایسا کرنے سے آپ کی ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔پروفائل کو اسپیم (SPAM) قرار دے کر بلاک بھی کیا جاسکتا ہے۔
کیا آپ کے پاس پہلے ہی سے ایک ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ پروفائل موجود ہے؟ اگر ایسا ہے تو یقینا آپ مبارک باد کے مستحق ہو، کیونکہ آپ دنیا کے سب سے بڑے پروفیشنل پلیٹ فارم کے ۵۳۰ملین سے زائد پروفیشنل صارفین میں سے ایک ہیں لیکن اب دوسرا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا آپ ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ کو بالکل ایسے ہی استعمال کر رہے ہیں جیسا کہ اُس کو استعمال کرنے کا حق ہے؟

اگر اس کا جواب’’ نہیں‘‘ میں ہے تو پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں کیونکہ پاکستان میں صرف آپ ہی اکیلے وہ شخص نہیں ہیں جو ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔کی پیشہ وارانہ طاقت سے بے خبر ہے بلکہ اکثر پاکستانی ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔کے درست استعمال سے عدم واقفیت کی بناء پر اس سے خاطر خواہ فائدہ اُٹھانے سے قاصر رہتے ہیں جس کی بنیادی وجہ ’’ لنکڈ ان‘‘ ۔کو فیس بک یا ٹوئٹر جیسا تصور کرنا ہے۔

اگر آپ بھی ایک ماہرپروفیشنل ہیں اور’’ لنکڈ اِنــ‘‘ ۔کے نیٹ ورک پر موجود ہیں تو ہم آپ کو زیرِنظر مضمون میں وہ تمام اہم ترین نکات بتائیں گے جن کی مدد سے آپ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔پر اپنی پروفائل کو انتہائی جاذب نظر اور مئوثر ترین بنا کر اپنے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے کیرئیر میں مزید چار چاند کا بھی اضافہ کر سکتے ہیں ۔

’’ لنکڈ اِن‘ ۔یو آر ایل کو منفرد بنائیں:
آپ کا یو آر ایل (یونیفارم ریسورس لوکیٹر) انٹرنیٹ پر آپ کے ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔پروفائل کا ایڈریس ہوتا ہے۔اپنی ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔پروفائل کا ایڈریس اس انداز میں ترتیب دیں تاکہ سرچ انجن کے ذریعے اسے آسانی سے تلاش کیا جا سکے۔ اپنا پروفائل ایڈریس دوسروں سے مختلف یا منفرد ضرور بنائیں تاکہ آپ کے ہم نام لوگوں میں سے آپ کو تلاش کرنا آسان ہو،

جیسے نام کے ساتھ شہر کا نام درج کر لیں تاکہ آپ کا نام منفرد بن جائے تاکہ جب بھی کوئی کسی بھی سرچ انجن میں آپ کا نام لکھ کر آپ کو انٹرنیٹ پر ڈھونڈنے کی کوشش کرے تو اس تلاش میں آپ کی پروفائل سر فہرست ہو۔

پہلے سے بنائی گئی پروفائل کے یو آر ایل میں ترمیم کرنا مقصود ہو تو اس کے لئے اپنی’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ پروفائل کے ایڈٹ مینیو میں جائیں اور اپنی پروفائل پر لگی ہوئی تصویر کے نیچے بنے ہوئے چھوٹے سے وہیل پر کلک کریں۔ اس سے آپ اپنے یو آر ایل کے ایڈٹ مینیو میں پہنچ جائیں گے۔

یہاں اگر آپ کا نام بہت عام ساہو جو شاید بہت سارے اور لوگوں کا بھی ہو تو یہاں اپنے نام کے ساتھ کوئی لاحقہ جیسے آپ کا تعلق کراچی سے ہے تو کے ایچ آئی لکھ دیں تاکہ دوسروں سے آپ الگ نظر آئیں اور انٹرنیٹ پر اگر کوئی آپ کو ڈھونڈنے کی کو شش کرے تو کراچی سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں آپ سر فہرست ہوں۔

پروفائل کا تعارفی عنوان جامع ہونا چاہیے
ایک جامع اور منفرد تعارفی عنوان پڑھنے والے کی بھرپور توجہ حاصل کرنے میں انتہائی اہم کردار اداکرتاہے۔ اس لیئے کہا جاتا ہے کہ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ پر گھسا پٹا تعارفی عنوان کسی کو بھی متاثر نہیں کرتا۔

یاد رکھیں، ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ میں   ۵۳۰ملین سے زائد صارفین ہیں لہذا وہاں ایک اچھا اور جامع تعارفی عنوان ہی لوگوں کو آپ کی پروفائل دیکھنے پر مجبور کر سکتا ہے۔ ذیل میں ملازمت کے فوری حصول کے لئے ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔کے تعارفی عنوان ترتیب دینے کی چند مثالیںپیش خدمت ہیں ۔
’’کاشف علی‘‘ آرٹ ڈائریکٹر جو صارفین کو دلکش اشتہارات بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
’’ کاپی رائٹر ‘‘منفرد مواد لکھنے میں جس کا کوئی ثانی نہیں ۔
کنسلٹنٹ‘‘ آن لائن خرید و فروخت کے لیئے رہنمائی ہم سے بہتر کوئی نہیں دے سکتا۔

اچھے ہو تو کوئی اچھی سی تصویر تصویر لگاؤ
لنکڈ اِن‘‘ ۔ پر آل اسٹار پروفائلز کا درجہ حاصل کرنے کے لیئے پروفائل میں ایک انتہائی جاذب نظر اور اعلی معیار کی تصویر کا ہونا ناگزیر ہے ۔ ایک اچھی تصویر آپ کی’’ لنکڈ اِن‘ ۔ پروفائل کو ۲۱ گنا زیادہ متاثر کن بنا سکتی ہے۔

اس کے لیئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ تصویر حالیہ اور ایک اچھے تاثر سے بھرپور ہونی چاہیئے مثلاً مسکراہٹ ،نہ صرف آپ کے ہونٹوں سے بلکہ آنکھوں سے بھی جھلکنی چاہیئے ۔جبکہ تصویر کا ۵۰ فیصد حصہ چہرہ پر مشتمل ہونا چاہئے ۔نیز تصویر مناسب تھمب نیل سائز کی ہونا بھی لازمی ہے ۔

پس منظر کی تصویر کی اہمیت
لنکڈ اِن‘‘ ۔ کے بہت سے صارفین کو معلوم نہیں ہے کہ وہ اپنی لنک کردہ پروفائل پر پس منظر یا احاطہ کی تصویر بھی اپ لوڈ کر سکتے ہیں، بالکل ویسے ہی جیسے ٹویٹر یا فیس بک پر پس منظر کی تصویر لگائی جاتی ہے ۔

بس یہاں اتنا دھیان میں رکھنا ہے کہ پس منظر میں جو بھی تصویر لگائیں وہ آپ کی پیشہ وارانہ صلاحیت یا کام سے متعلق ضرور ہو، جیسے ،آپ کا کاروباری لوگو یا آپ کی کتاب کا سامنے کا احاطہ یا ایک ایسی تقریب کے بینر یا اسٹیج جہاں آپ تقریر کر رہے ہوں یا پھر کسی ایسی کانفرنس یا ورکشاپ میں شرکت کرتے ہوئے تصویر جس سے دیکھنے والا فوری اندازہ لگا سکے کہ آپ ایک پیشہ ور ملازم یا کاروباری ہیں۔

اس ضمن میں آپ اپنی کام کرتے ہوئے تصویر کو بھی شامل کرسکتے ہیں جیسے آرکیٹیکٹس، شیفس، فوٹوگرافروں، انجنیئرز، اور کسی بھی فیلڈ کا کام کرتے ہوئے۔ پس منظر کی تصاویر ۱۵۸۴ء۳۹۶ پکسلز سائز میں ۸ ،ایم بی، سے زیادہ نہیں ہونی چاہیئے ۔

اپنے ہنر اور مہارت کا ذکر لازمی کریں
جس شعبے میں آپ ملازمت کرنے کے خواہشمند ہیں یا کر رہے ہیں اس کے متعلق اپنی تمام تر پیشہ وارانہ مہارتوں کو تعارفی پیراگرف میں ضرور بیان کریں۔ مثلاً اگر آپ کا تعلق ’’آرکیٹیکچر‘‘ سے ہے تو آپ اپنی فنی مہارتوں میں ڈیزائنگ، تخمینہ و اخراجات، سپر وائز، سائٹ آرگنائزئشن، ماڈل میکنگ، آٹو کیڈ وغیرہ لکھیں گے۔

کہنے کا مقصد یہی ہے کہ آپ جو بھی مہارتیں رکھتے ہیں ان کا ذکر ضرور کریں۔ پروفائل میں اکثر لوگ صرف حالیہ نوکری کا ذکر کرتے ہیں، حالانکہ آپ کو اپنی سابقہ ملازمتوں کا ذکر بھی کرنا چاہیئے تاکہ آپ کے تجربات/ مہارت کا بہتر طور پر اندازہ لگایا جا سکے۔

اپنے کیریئر کی معلومات مختصراً مگر جامع انداز میں تحریر کریں۔ کوشش کریں کہ تین سو الفاظ سے زیادہ طویل نہ ہو۔ اپنی پروفائل پر تسلی کے ساتھ اچھی طرح کام کریں۔ یہ کچھ وقت طلب کام ضرور ہے۔ لیکن ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔پروفائل پر آپ جتنی محنت کریں گے نوکری ملنے کے مواقع اتنے زیادہ ہوں گے۔

یہ بات ذہن نشیں کرلیں کہ آپ کے لیے انٹرویو کال کا فیصلہ آپ کی پروفائل دیکھ کر ہی ہو گا۔ لہٰذا پرسکون ہو کر، ایک دو دن بھی لگا کر اپنی تمام تر خوبیاں درج کریں۔ جبکہ سمری والے باکس میں ایسے کی ورڈز اور جملے بھی لازمی لکھیں جو کہ آپ کے پیشے سے متعلقہ نوکری کی جاب ڈسکرپشن میں ہو سکتے ہیں، تاکہ اگر کوئی ادارہ اپنے کام سے متعلقہ لوگوں کو ڈھونڈ رہا ہو تو ان کی ورڈز کے میچ ہونے کی صورت میں وہ آپ کی پروفائل تک آسانی سے پہنچ سکے۔

مثال کے طورپر آپ کا میڈیکل سے تعلق ہے اور آپ کا تجربہ بھی وسیع ہے، اب اپنے تجربات کی روشنی میں انڈسٹری میں نئے آنے والے لوگوں کو ٹریننگ دینے کے خواہاں ہیں تو آپ اپنی اس تعارفی سمری میں لکھئے کہ”  am interested in medical training ” ، اس کے علاوہ آپ شامل کر سکتے ہیں
اشاعتیں: ویب سائٹس، میگزین، خبرنامے جہاں آپ کی تحریرں شائع ہوتی ہیں۔
سرٹیفیکیشن : پیشہ ورانہ سرٹیفکیٹ کے لئے اور آپ کے ضمنی منصوبوں یا دیگر امور سے متعلق۔
کورسز: نئے کورسز کو شامل کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ مسلسل سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
منصوبے : کچھ مضامین میں آپ کی مہارت کا مظاہرہ کرنے کے لئے سوچے گئے کام اور ضمنی منصوبے۔
اعزاز اور انعام: صرف کمپنی اور صنعت کی طرف سے تسلیم شدہ ایوارڈز کی فہرست۔

’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔پروفائل پر سفارش کی اہمیت
آپ کے’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ پروفائل میں درج کردہ مہارتوں سے آپ کو دوسرے اراکین سے ”تصدیق” حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے جو اس بات کی تصدیق کرسکتے ہیں کہ آپ کو واقعی ان کی مہارت حاصل ہے۔

کم از کم تین سے پانچ کامیاب افراد ایسے تلاش کریں جو آپ کی پروفائل پر اپنے نیک جذبات کا اظہار کر سکیں۔’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔پر کامیاب افراد کی ’’سفارش‘‘ یعنی  سے کافی اثر پڑتا ہے۔ کوشش کریں کہ یہ وہ افراد ہوں جن کے پاس آپ نے ماضی میں کام کیا ہو۔ جس سے یہ مراد ہوتی ہے کہ وہ آپ کے کام سے مطمئن تھے۔ اس طرح کی ’’سفارش ‘‘ یعنی سے آپ کی پروفائل زیادہ متاثر کن بن جائے گی۔ کم از کم پانچ لوگوں سے اپنی پروفائل کی سفارش کو یقینی بنائیں۔

آپ سوچ رہے ہوں گے ہم بار بار کیوں آخر سفارش پر اتنا زور دے رہے کیونکہ عام طور ہمارے ذہن میں جب سفارش کا لفظ آتا ہے توخیال آتا ہے کہ بھلا ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ پر پروفائل کی تصدیق کیلئے سفارش نامے کی کیا ضرورت ہو سکتی ہے تو جناب اگر سوشل نیٹ ورکنگ کی اس سائٹ پر نوکری دینے والے ادارے حقیقی ہیں، آپ کے تمام کوائف اور تجربات درست ہیں، آپ کو حقیقت میں تواتر کے ساتھ ایک کے بعد ایک ملٹی نیشنل کمپنیوں میں نوکریاں مل رہی ہیں تو ایسے میں کیا یہ سب ثابت کرنے کیلئے کسی گواہ یا تصدیق کی ضرورت نہیں پڑے گی۔’’

لنکڈ اِن‘ ۔’’سفارش‘‘ یعنی کا مطلب ہی یہ ہے کہ شعبے سے متعلقہ ماہرین یا ایسے لوگ جن کا تجربہ وسیع ہو اور آپ کو ان کے ساتھ ماضی میں کام کرنے کا موقع بھی ملا ہو اور سب سے بڑی بات وہ آپ کے کام سے مطمئن بھی ہوئے ہوں تواس میں کیا برائی ہے کہ وہ اس نیٹ ورک پر آئیں آپ کے بارے میں چند تعریفی جملے لکھ دیں۔

اس سے آپ کیلئے کامیابی کی نئی راہیں کھلیں گی اور آپ کو نوکری کی پیشکش کرنے والے ادارے کو یقین ہو جائے گا کہ پروفائل پر درج آپ کے کوائف اور تجربات افسانوی نہیں بلکہ حقیقی ہیں اور آپ انہیں بیان کرتے ہوئے صرف میاں مٹھو ہی نہیں بن رہے تھے بلکہ آپ کے شعبے کے ماہرین بھی آپ کے کام سے متاثر ہیں۔

پروفیشنل لوگوں سے تعلقات قائم کریں
’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ پروفائل کو مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں موجود اپنی فیلڈ کے دیگر پروفیشنل لوگوں سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کریں۔ جس کا بہت فائدہ ہوتا ہے۔ پروفیشنل دوست آپ کو اپنی کمپنی میں ملازمت دلوانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

آپ کی ’’ لنکڈ اِن‘ ۔پروفائل کے مئوثر ہونے کیلئے بہت زیادہ لوگوں سے رابطے بڑھانا خاصی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ بات ذہن میں رکھیے کہ یہ فیس بک کی طرح کا سوشل نیٹ ورک نہیں ہے یہاں پروفیشنل اپروچ کے ساتھ دنیا بھر سے لوگ موجود ہیں۔ایسا ممکن نہیں ہے کہ آپ ایک متاثر کن پروفائل بنائیں اور دوسرے لوگوں سے رابطہ نہ رکھیں۔

مثال کے طور پر آپ کسی ادارے میں ملازمت کرنا چاہتے ہیںاور آ پ کے دوستوں کی فہرست میں سے کسی کا وہاں رابطہ ہو یا وہ وہاں پہلے سے ہی ملازمت کر رہا ہو تو آپ اس سے درخواست کر سکتے ہیں وہ آپ کو اس کمپنی سے متعارف کر وا دے یا ایک انٹرویو دلوا دے۔ ہو سکتا ہے آپ کو اس کے توسط سے وہاں ملازمت مل جائے۔

اپنے پیشہ سے متعلق اپنا نقطہ نظر ضرور واضح کریں
’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ پروفائل میں اپنے اختیار کردہ پیشہ سے متعلق اپنا نقطہ نظر پیش کرنے سے دیکھنے والے بہت جلد آپ کی جانب متوجہ ہوسکتے ہیں ۔اس سے لوگوں کو آپ کی پیشہ ورانہ صلاحیت سمجھنے میں خوب مدد حاصل ہوتی ہے ۔اس کام کے لیئے ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ آپ کو چار پیراگراف تک لکھنے کی مکمل اجازت دیتا ہے۔جو کچھ اس طرح سے ہوسکتے ہیں ۔

پہلا پیراگراف: چیلنج- ایکشن – نتائج  کی شکل میں حاصل ہونے والی آپ کی سب سے زیادہ متاثر کن کامیابی کا خلاصہ ہونا چاہیے ۔

دوسرا پیراگراف:آپ کیا کرتے ہیں اور آپ نے اس کیریئر یا کاروبار کو کیوں منتخب کیا۔

تیسرا پیراگراف:آپ کا ہدف کون سے سامعین ہیں اور آپ ان کی مدد کیسے کرسکتے ہیں،اسے تفصیل سے لکھنا زیادہ بہتر ہے ۔

چوتھے پیراگراف: آپ کے سائیڈ پراجیکٹ، شوق، یا آپ کو تفریح فراہم کرنے والی عمومی مصروفیات کے بار ے میں ہونا چاہیئے۔

اپنے دیگر اکاؤنٹس اور ویب سائٹ بھی منسلک کریں
’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ اپنے صارفین کو دیگر سماجی میڈیا اکاؤنٹس کو ’’ لنکڈ اِن‘ ۔ پروفائل میں منسلک کرنے کی اجازت دیتا ہے، جن کی مدد سے آپ کے موجودہ دوست آپ سے دوسرے پلیٹ فارم پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں ۔ آپ کو اپنی تین ویب سائٹس تک بھی لنک کرنے کی اجازت ہے۔ مثلاً اپنی ذاتی ویب سائٹ، کمپنی کی ویب سائٹ، بلاگ، پورٹ فولیو، یا آر ایس ایس فیڈ کو بطور ویب سائیٹ لیبل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ سادہ پرانے ”پورٹ فولیو” کے بجائے اپنی ویب سائٹ کو ”گرافیک ڈیزائین پورٹ فولیو” کے طور پر بھی اپنی پروفائل سے منسلک کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کی ویب سائٹ یو آر ایل ، آپ کے برانڈ کے نام سے مختلف ہے تو، آپ یو آر ایل کے ساتھ برانڈ کے نام کی فہرست کیلئے اس خصوصیت کا استعمال کر سکتے ہیں۔یہ بات یاد رکھیے کہ لنکڈ اِن پر آپ کی پروفائل سے متاثر ہو کر دنیا کے کسی بھی کونے سے آپ کو نوکری کی پیشکش ہو سکتی ہے لہذا کوشش کریں جس جس کام کا آپ نے اپنی پروفائل پر ذکر کیا ہے ان کی تفصیل کے لئے ان کے آن لائن لنکس بھی دے دیں۔

’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔پر خود کو اپ ٹو ڈیٹ رکھیں:
اپنے ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔ پروفائل کو فعال رکھنے کے لیئے ضروری ہے کہ اسے وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کرتے رہیں ،اس کے لیئے اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات،خبریں وغیرہ پوسٹ کر سکتے ہیں ۔ تاہم ایسی اپ ڈیٹس جو آپ کی پیشہ ورانہ زندگی سے تعلق نہ رکھتی ہوں اُنہیں ’’ لنکڈ اِن‘‘ ۔پر پوسٹ کرنے سے گریز کریں کیونکہ دنیا کے کسی بھی پروفیشنل شخص کواس بات سے قطعاً کوئی دلچسپی نہیں ہو سکتی کہ آپ آج کہاں کہاں سیر کرنے گئے یا آج آپ نے دوپہر کے کھانے میں کیا کھایا تھا اورآپ کا رات کو کیا کھانے کا پروگرام ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭

یہ مضمون انگریزی میں پڑھنے کے لیے دیے گئے لنک پر کلک کریں
https://shanurdu.com/career-with-the-profile/

Related Articles

Stay Connected

2,000FansLike
2,000FollowersFollow
2,000SubscribersSubscribe
گوشۂ خاصspot_img

Latest Articles