23 C
Lahore
Friday, April 26, 2024

Book Store

( مجروح ( قسط نمبر 30

 

( 30 مجروح ( قسط
شکیل احمد چوہان

۞۞۞

ایک فارم ہاؤس کے بڑے سے لان سے گزرتے ہوئے چندا فارم ہاؤس کی عمارت کی طرف بڑھ رہی تھی۔ اُس کے ساتھ عطر والی لڑکی تھی، جس نے ہینگر میں لٹکے ہوئے بہت سارے کپڑے پکڑے ہوئے تھے۔ چندا کا موبائل بجنے لگا۔ اُس نے کال ریسیو کرتے ہوئے پوچھا
’’جی کون؟‘‘
’’جبران جپہ ۔۔۔ ستارہ جی سے بات کراؤ چندا بائی۔۔۔‘‘
چندا نے اپنی لڑکی کو اندر جانے کا اشارہ کر دیا اور خود کچھ سوچتے ہوئے کہنے لگی
’’وہ تو لاہور میں نہیں ہیں۔‘‘
جبران نے فوراً بتایا
’’جانتا ہوں۔۔۔کراچی میں ہیں۔‘‘
چندا نے نظریں گھماتے ہوئے جواب دیا
میں تھوڑی دیر تک بات کرواتی ہوں۔ پھر کال کاٹ دی۔وہ لمحہ بھر سوچنے کے بعد فارم ہاؤس کی عالی شان عمارت کی طرف تیز تیز قدموں سے چلنے لگی۔

۞۞۞

فارم ہاؤس کا تہ خانہ کسی ماڈرن کلب کا منظر پیش کر رہا تھا۔ ہر طرف برقی قمقمے جگمگا رہے تھے۔ اسٹیج پر کشمالہ کی ہمنوا لڑکیاں اپنے اپنے حسن کے جلوے بکھیر رہی تھیں۔ جام سے جام اور کندھوں سے کندھے ٹکرا رہے تھے۔ تہ خانے کی سیڑھیاں اُترتے ہی جبران جپہ کی کشمالہ کی ساتھی لڑکیوں پر نظر پڑی، مگر اُس کی نظروں کو کسی اور کی تلاش تھی۔
وہ تو نہ دکھائی دی، ستارہ بائی نظر آ گئی، جو چند بڈھے ٹھرکیوں کا دل بہلا رہی تھی۔ جبران جپہ بار والے کاؤنٹر پر بیٹھا ہی تھا کہ ساری لائٹیں بند ہو گئیں۔ صرف اسٹیج پر ایک سپاٹ لائٹ پڑنے لگی۔
کشمالہ لیدر کی سیاہ پینٹ اور سرخ جیکٹ پہنے سپاٹ لائٹ کے نیچے سے نمودار ہوئی۔ ساتھ ہی مغربی میوزک کی تال گونج اُٹھی۔ کشمالہ کی لچک دار کمر بل کھانے لگی۔ اس کی چار ساتھی لڑکیاں اُس کے پیچھے تھیں، جو ڈانس میں کشمالہ کی نقل اُتار رہی تھیں۔
کشمالہ اکثر امراوجان اَدا کے ساتھ ساتھ میڈونا جیسی بھی بننے کی کوشش کرتی۔ آج وہ غریب ملک کے امراء کی میڈونا بنی ہوئی تھی۔ کشمالہ کی انٹری کے بعد کچھ او ر لائٹیں بھی روشن ہو گئیں۔ اُن پانچوں نے ناچ ناچ کر اسٹیج ہلا دیا۔ اُن کی پرفارمنس ختم ہوتے ہی شور اُٹھا
’’Once More… Once More…‘‘
ستارہ بائی اسٹیج کے قریب گئی اور کشمالہ کو ایک اُنگلی کھڑی کر کے دکھائی پھر ساتھ ہی جھکا لی۔ کشمالہ کو اُس اشارے کی سمجھ آ گئی۔ پھر سے انگلش میوزک بجنے لگا اور بدن تھرکنے لگے۔ وہ پرفارمنس ختم ہونے پر بھی ایک بار اور کا شور اُٹھا، مگر کشمالہ نے کسی کی نہ سنی اور وہ اسٹیج سے چلی گئی۔

۞۞۞

فارم ہاؤس کے بڑے سے لان کے ایک کونے میں کھڑے جبران نے اپنے روبرو کھڑی ستارہ بائی سے پوچھا
’’اِس پارٹی میں کیوں بلایا مجھے؟‘‘
تُم مفت ہی کی تو دعوتیں اُڑاتے ہو۔  ستارہ بائی نے بڑے مزے سے کہا۔ جبران کو ستارہ بائی کی بات گراں گزری۔ ستارہ بائی نے اپنے موبائل پر سرمد کا ویڈیو کلپ چلاتے ہوئے موبائل جبران کو دے دیا۔ خوشبو کا شُوٹ کیا ہوا وہ ویڈیو کلپ دیکھنے کے بعد جبران نے جلدی سے پوچھا
’’یہ کب کا واقعہ ہے؟‘‘
پچھلے مہینے بارہ اور تیرہ دسمبر کی درمیانی رات۔۔۔ ستارہ بائی نے بتایا۔ ساتھ ہی جبران کو آنیہ پوچھتے ہوئے دکھائی دی
’’جپہ صاحب۔۔۔! یہ بارہ کا کیا چکر ہے؟‘‘
ستارہ بائی نے جبران کے سامنے چٹکی بجاتے ہوئے کہا
’’کدھر کھو گئے؟‘‘
نہیں۔۔۔ کہیں نہیںـــ۔۔۔‘‘ جبران نے گردن جھٹکتے ہوئے کہا۔ ستارہ بائی نے اپنا موبائل اُس کے ہاتھ سے خود ہی لے لیا۔
یہ بندہ مجھے فروری سے پہلے پہلے چاہیے۔  ستارہ کے بولتے ہی جبران دل ہی دل میں خود سے مخاطب ہوا
’’آخر کون ہے یہ آدمی؟ ‘‘
تُم پھر کہیں کھو گئے۔  ستارہ بائی کے خفگی سے کہا۔
یہ فروری سے پہلے پہلے مل جائے گا، مگر اِس کے بدلے مجھے کیا ملے گا؟  جبران نے پوچھا۔
ایک رات کے گُل چھرّے۔۔۔  ستارہ بائی نے بتایا۔
اِس بار میزبان کشمالہ ہو گی۔  جبران نے بڑی گرم جوشی کے ساتھ کہا۔ ستارہ بائی مسکرائی، پھر سنجیدہ ہوتے ہوئے بولی
کشمالہ کے علاوہ جسے مرضی لے جانا۔‘‘
ستارہ بائی پلٹی اور فارم ہاؤس کی عمارت کی طرف چلنے لگی۔
کشمالہ کا مول بھی بتاتی جائیں۔  جبران کی آواز ستارہ بائی کی سماعتوں سے ٹکرائی تو وہ رُک گئی۔
اُس  نے مُڑ کر دیکھا، پھر کہنے لگی
’’تمہارے جیسا پھٹیچر کہاں اُس کی قیمت چکا سکتا ہے؟‘‘
جبران کا چہرہ غصے سے لال ہو گیا۔ دن میں آنیہ کے ہاتھوں میٹھی میٹھی بے عزتی ہوئی تھی اور اب رہی سہی کسر ستارہ بائی نے نکال دی۔ جبران دل ہی دل میں الفاظ چباتے ہوئے کہنے لگا
’’یہ پھٹیچر ہی اب کشمالہ کو پنکچر لگائے گا۔‘‘
جبران اُسی رات کراچی سے لاہور لوٹ آیا۔ آتے ہی اُس نے اپنے سب ایجنٹوں کو سرمد کی تصویر بھیجنے کے ساتھ ساتھ بیس لاکھ کے انعام کی نوید بھی سنائی۔
راتوں رات لاہور کے ہزاروں مخبروں کے پاس سرمد کی تصویروں کے ساتھ ساتھ پچاس ہزارسے ایک لاکھ تک کے انعام کی خبر پہنچ گئی۔

(بقیہ اگلی قسط میں)

۞۞۞۞

Related Articles

Stay Connected

2,000FansLike
2,000FollowersFollow
2,000SubscribersSubscribe
گوشۂ خاصspot_img

Latest Articles