24 C
Lahore
Tuesday, October 8, 2024

Book Store

میں کون|afsana|shanurdu|main kon

افسانہ

میں کون؟
نیلم احمد بشیر

پنج ستارہ (فائیو سٹار) ہوٹل میں منعقدہ کانفرنس کے شرکاء گفتگو میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لے رہے تھے۔
موضوع تھا ہی اتنا دلچسپ کہ اُس پر جتنی بھی بحث کی جاتی کم تھی۔
بڑے بڑے عالمِ دین، دانش ور، ماہرِ نفسیات، ماہرِ تعلیم سر جوڑے بیٹھے تھے کہ
’’انسان کا باطن کیسے معلوم ہو۔‘‘
کوئی کہہ رہا تھا انسان کے معاشرتی پس منظر سے اِس بات کا تعین کیا جا سکتا ہے۔
کسی کا خیال تھا فرد کی مذہبی اٹھان دیکھنے سے کچھ نہ کچھ اندازہ ہو سکتا ہے۔
ایک مقرر کا خیال تھا کہ صرف جھوٹ پکڑنے والے آلے (Lie Detector Test) سے ہی قابلِ اعتماد نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔
ایک اصرار کر رہا تھا کہ خوف انسان کے اندر سے حقیقت باہر کھینچ لاتا ہے،
مگر کہیں بھی کسی بھی نکتے پر اتفاقِ رائے نہیں ہو رہا تھا۔
مولانا تونسوی اور پروفیسر حاشر بھی آپس میں اِس مسئلے پر بار بار اُلجھ رہے تھے۔
ظہرانے کا انتظام ایک پُرفضا ریسٹ ہاؤس میں کیا گیا تھا۔
سب لوگ اپنی اپنی گاڑیوں میں وہاں پہنچے اور ایک پُرتکلف کھانے سے لطف اندوز ہونے لگے۔
دورانِ طعام بھی آپس میں اِسی موضوع پہ تبادلۂ خیال جاری رہا۔
کھانے کے بعد آخری سیشن تھا جس میں شرکت کے لیے سب دوبارہ ہوٹل کی جانب چل دیے۔
اُس سیمینار میں ملک کی کریم مدعو تھی، اِس لیے سکیورٹی کے انتظامات کافی سخت تھے۔
مین گیٹ میں داخل ہونے سے پہلے ایک آہنی رکاوٹ آپ کی گاڑی کو روکتی تھی۔
سکیورٹی گارڈز لپک کر آگے بڑھتے، گاڑی کو اوپر نیچے، اندر باہر ہر طرح سے چیک کرتے، تب کہیں اندر جانے کا اِذن ملتا۔
مولانا تونسوی اور پروفیسر حاشر کی گاڑی آہنی ڈنڈے کے پاس آئی، تو خلافِ توقع گارڈ نے اُنھیں ہاتھ کے اشارے سے بغیر رکے آگے بڑھ جانے کو کہا۔
وہ اَندر تو چلے گئے، مگر پروفیسر حاشر کی اصول پرستی نے اُنھیں کچھ حیران سا کر دیا ۔
وُہ گارڈ سے اتر کر پوچھنے لگے:
’’بھئی تم نے ہماری گاڑی کو بلا چیکنگ کیوں اندر جانے دیا …..
کیا پتا ہمارے پاس کچھ قابلِ اعتراض چیز موجود ہو …..‘‘
گارڈ نے پل بھر کو پروفیسر صاحب کو دیکھا اور پھر نیچے نظریں کیے مسکرا کر اِعتماد سے بولا:
’’صاحب جی! ہمیں تو چہرہ دیکھ کر ہی بندے کے اندر کا پتا چل جاتا ہے …..
آپ جائیں جی ….. کوئی بات نہیں۔‘‘

Related Articles

Stay Connected

2,000FansLike
2,000FollowersFollow
2,000SubscribersSubscribe
گوشۂ خاصspot_img

Latest Articles