25 C
Lahore
Saturday, October 12, 2024

Book Store

مرحوم کی یاد میں

marhoom ki yaad mei| shanurdu
marhoom ki yaad mei| shanurdu| patras bukhari

ایک دن مرزا صاحب اور میں برآمدے میں ساتھ ساتھ کرسیاں ڈالے چپ چاپ بیٹھے تھے۔ جب دوستی بہت پرانی ہوجائے تو گفتگو کی چنداں ضرورت باقی نہیں رہتی اور دوست ایک دوسرے کی خاموشی سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ یہی حالت ہماری تھی۔ ہم دونوں اپنے اپنے خیالوں میں غرق تھے۔ مرزا صاحب تو خدا جانے کیا سوچ رہے تھے لیکن میں زمانے کی ناسازگاری پر غور کر رہا تھا۔

دور سڑک پر تھوڑے تھوڑے وقفے کے بعد ایک موٹرکار گزرجاتی تھی۔ میری طبیعت کچھ ایسی واقع ہوئی ہے کہ میں جب کبھی کسی موٹرکار کو دیکھوں، مجھے زمانے کی ناسازگاری کا خیال ضرور ستانے لگتا ہے اور میں کوئی ایسی ترکیب سوچنے لگتا ہوں جس سے دنیا کی تمام دولت سب انسانوں میں برابر برابر تقسیم کی جاسکے۔ اگر میں سڑک پر پیدل جا رہا ہوں اور کوئی موٹر اس ادا سے گزر جائے کہ گردوغبار میرے پھیپھڑوں، میرے دماغ، میرے معدے اور میری تلی تک پہنچ جائے تو اس دن میں گھر آکر علم کیمیا کی وہ کتاب نکال لیتا ہوں جو میں نے ایف۔اے میں پڑھی تھی اور اس غرض سے اُس کا مطالعہ کرنے لگتا ہوں کہ شاید بم بنانے کا کوئی نسخہ ہاتھ آجائے۔

میں کچھ دیرتک آہیں بھرتا رہا۔ مرزا صاحب نے کچھ توجہ نہ کی۔ آخر میں نے خاموشی کو توڑا اور مرزا صاحب سے مخاطب ہو کر بولا۔

’’مرزا! ہم میں اور حیوانوں میں کیا فرق ہے؟‘‘

مرزا صاحب بولے:’’بھئی، کچھ ہوگا ہی نا آخر۔‘‘

میں نے کہا، ’’میں بتاؤں تمہیں؟‘‘

کہنے لگے، ’’بولو۔‘‘

میں نے کہا، ’’کوئی فرق نہیں۔ سنتے ہو مرزا۔کوئی فرق نہیں۔ ہم میں اور حیوانوں میں۔۔۔ کم از کم مجھ میں اور حیوانوں میں کوئی فرق نہیں۔ ہاں ہاں میں جانتا ہوں۔ تم مین میخ نکالنے میں بڑے طاق ہو۔ کہہ دو گے حیوان جگالی کرتے ہیں، تم جگالی نہیں کرتے۔ ان کی دم ہوتی ہے،تمہاری دم نہیں، لیکن ان باتوں سے کیا ہوتا ہے؟ ان سے تو صرف یہی ثابت ہوتا ہے۔وہ مجھ سے افضل ہیں لیکن ایک بات میں، میں اور وہ بالکل برابر ہیں کہ وہ بھی پیدل چلتے ہیں میں بھی پیدل چلتا ہوں۔ اس کا تمہارے پاس کیا جواب ہے؟ جواب نہیں۔ کچھ ہے تو کہو۔ بس چپ ہوجاؤ۔ تم کچھ نہیں کہہ سکتے۔ جب سے میں پیدا ہوا ہوں اس دن سے پیدل چل رہا ہوں۔پیدل! تم پیدل کے معنی نہیں جانتے۔ پیدل کے معنی ہیں سینہٴ زمین پر اس طرح سے حرکت کرنا کہ دونوں پاؤں میں ایک ضرور زمین پر رہے، یعنی تمام عمر میرے حرکت کرنے کا طریقہ یہی رہا ہے کہ ایک پاؤں زمین پر رکھتا ہوں دوسرا اٹھاتا ہوں۔ دوسرا رکھتا ہوں پہلا اٹھاتا ہوں۔ ایک آگے ایک پیچھے، ایک پیچھے ایک آگے۔ خدا کی قسم اس طرح کی زندگی سے دماغ سوچنے کے قابل نہیں رہتا۔ حواس بیکار ہوجاتے ہیں۔ تخیل مر جاتا ہے۔ آدمی گدھے سے بدتر ہو جاتا ہے۔‘‘

مرزا صاحب میری اس تقریر کے دوران کچھ اس بےپروائی سے سگریٹ پیتے رہے کہ دوستوں کی بےوفائی پر رونے کو دل چاہتا تھا۔ میں نے ازحد حقارت اور نفرت کے ساتھ منہ ان کی طرف سے پھیر لیا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ مرزا کو میری باتوں پر یقین ہی نہیں آتا۔ گویا میں اپنی جو تکالیف بیان کر رہا ہوں وہ محض خیالی ہیں، یعنی میرا پیدل چلنے کے خلاف شکایت کرنا قابل توجہ ہی نہیں، یعنی میں کسی سواری کا مستحق ہی نہیں۔ میں نے دل میں کہا، ’’اچھا مرزا یوں ہی سہی۔ دیکھو تو میں کیا کرتا ہوں۔‘‘

میں نے اپنے دانت پچی کر لیے اور کرسی کے بازو پر سے جھک کر مرزا کے قریب پہنچ گیا۔ مرزا نے بھی سر میری طرف موڑا۔ میں مسکرادیا لیکن میرے تبسم میں زہر ملا ہوا تھا۔جب مرزا سننے کے ليے بالکل تیار ہوگیا تو میں نے چبا چبا کر کہا:

’’مرزا میں ایک موٹرکار خریدنے لگا ہوں۔‘‘

یہ کہہ کر بڑے استغنا کے ساتھ دوسری طرف دیکھنے لگا۔

مرزا بولے۔ ’’کیا کہا تم نے؟ کیا خریدنے لگے ہو؟‘‘

میں نے کہا، ’’سنا نہیں تم نے؟ میں ایک موٹرکار خریدنے لگا ہوں۔

موٹرکار ایک ایسی گاڑی ہے جس کو بعض لوگ موٹر کہتے ہیں، بعض لوگ کار کہتے ہیں لیکن چونکہ تم ذرا کند ذہن ہو اس ليے میں نے دونوں لفظ استعمال کردیئے۔ تاکہ تمہیں سمجھنے میں کوئی دقت پیش نہ آئے۔‘‘

مرزا بولے، ’’ہوں‘‘

اب کے مرزا نہیں میں بےپروائی سے سگریٹ پینے لگا۔ بھویں میں نے اوپر کو چڑھا لیں۔ پھرسگریٹ والا ہاتھ منہ تک اس انداز سے لاتا اور ہٹاتاتھا کہ بڑے بڑے ایکٹر اس پر رشک کریں۔

تھوڑی دیر کے بعد مرزا بولے، ’’ہوں۔‘‘

میں نےسوچا اثر ہو رہا ہے۔ مرزا صاحب پر رعب پڑ رہا ہے۔ میں چاہتا تھامرزا کچھ بولے،تاکہ مجھے معلوم ہو کہاں تک مرعوب ہوا ہے لیکن مرزا نے پھر کہا۔ ’’ہوں۔‘‘

میں نے کہا ’’مرزا جہاں تک مجھے معلوم ہے تم نے اسکول اور کالج اور گھر پر دو تین زبانیں سیکھی ہیں اور اس کے علاوہ تمہیں کئی ایسے الفاظ بھی آتے ہیں جو کسی اسکول یا کالج یا شریف گھرانے میں نہیں بولے جاتے۔ پھر بھی اس وقت تمہارا کلام’’ ہوں’’سے آگے نہیں بڑھتا۔ تم جلتے ہو۔ مرزا اس وقت تمہاری جو ذہنی کیفیت ہے، اس کو عربی زبان میں حسد کہتے ہیں۔‘‘

مرزا صاحب کہنے لگے، ’’نہیں یہ بات تو نہیں۔میں تو صرف خریدنے کے لفظ پر غور کر رہا تھا۔ تم نے کہا میں ایک موٹرکار خریدنے لگا ہوں تو میاں صاحب زادے! خریدنا تو ایک ایسا فعل ہے کہ اس کے ليے روپے وغیرہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ وغیرہ کا بندوبست تو بخوبی ہو جائے گالیکن روپے کا بندوبست کیسے کرو گے؟‘‘

یہ نکتہ مجھے بھی نہ سوجھا تھا لیکن میں نے ہمت نہ ہاری۔ میں نے کہا، ’’میں اپنی کئی قیمتی اشیا بیچ سکتا ہوں۔‘‘

مرزا بولے، ’’کون کون سی مثلاً؟‘‘

میں نے کہا، ’’ایک تو میں سگریٹ کیس بیچ ڈالوں گا۔‘‘

مرزا کہنے لگے، ’’چلو دس آنے تو یہ ہوگئے، باقی ڈھائی تین ہزار کا انتظام بھی اسی طرح ہوجائے تو سب کام ٹھیک ہوجائے گا۔‘‘

اس کے بعد ضروری یہی معلوم ہوا کہ گفتگو کا سلسلہ کچھ دیر کے ليے روک دیا جائے چنانچہ میں مرزا سے بیزار ہو کر خاموش ہو رہا۔ یہ بات سمجھ میں نہ آئی کہ لوگ روپیہ کہاں سے لاتے ہیں؟ بہت سوچا۔ آخر اس نتیجے پر پہنچا کہ لوگ چوری کرتے ہیں۔ اس سے ایک گونہ اطمینان ہوا۔

مرزا بولے، ’’میں تمہیں ایک ترکیب بتاؤں ایک بائسیکل لے لو۔‘‘

میں نے کہا، ’’وہ روپے کا مسئلہ تو پھر بھی جوں کا توں رہا۔‘‘

کہنے لگے، ’’مفت۔‘‘

میں نے حیران ہو کر پوچھا، ’’مفت؟ وہ کیسے؟‘‘

کہنے لگے، ’’مفت ہی سمجھو۔ آخر دوست سے قیمت لینا بھی کہاں کی شرافت ہے۔ البتہ تم ہی احسان قبول کرنا گوارانہ کرو تو اور بات ہے۔‘‘

ایسے موقع پر جو ہنسی میں ہنستا ہوں اس میں معصوم بچے کی مسرت، جوانی کی خوش دلی، ابلتے ہوئے فواروں کی موسیقی اور بلبلوں کا نغمہ سب ایک دوسرے کے ساتھ ملے ہوتے ہیں۔ چنانچہ میں یہ ہنسی ہنسااور اس طرح ہنسا کہ کھلی ہوئی باچھیں پھر گھنٹوں تک اپنی اصلی جگہ پر واپس نہ آئیں۔ جب مجھے یقین ہوگیا کہ یک لخت کوئی خوشخبری سننے سے دل کی حرکت بند ہوجانے کا جو خطرہ ہوتا ہے اس سے محفوظ ہوں، تو میں نے پوچھا، ’’ہےکس کی؟‘‘

مرزا بولے، ’’میرے پاس ایک بائیسکل پڑی ہےتم لے لو۔‘‘

میں نے کہا، ’’پھر کہنا پھر کہنا!‘‘

کہنے لگے، ’’بھئی! ایک بائیسکل میرے پاس ہے۔ جب میری ہے تو تمہاری ہے۔ تم لے لو۔‘‘

یقین مانیے مجھ پر گھڑوں پانی پڑ گیا۔ شرم کے مارے میں پسینا پسینا ہوگیا۔ چودھویں صدی میں ایسی بےغرضی اور ایثار بھلا کہاں دیکھنے میں آتا ہے؟ میں نے کرسی سرکا کر مرزا کے پاس کرلی۔ سمجھ میں نہ آیا کہ اپنی ندامت اور ممنونیت کا اظہار کن الفاظ میں کروں؟

میں نے کہا، ’’مرزا صاحب سب سے پہلے تو میں اس گستاخی اور درشتی اور بےادبی کے ليے معافی مانگتا ہوں، جو ابھی ابھی میں نے تمہارے ساتھ گفتگو میں روا رکھی، دوسرے میں آج تمہارے سامنے ایک اعتراف کرنا چاہتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ تم میری صاف گوئی کی داد دو گے اور مجھے اپنی رحم دلی کے صدقے معاف کردوگے۔ میں ہمیشہ تم کو ازحد کمینہ، ممسک، خودغرض اور عیار انسان سمجھتارہا ہوں۔ دیکھو ناراض مت ہو۔ انسان سے غلطی ہوہی جاتی ہے لیکن آج تم نے اپنی شرافت اور دوست پروری کا ثبوت دیا ہے اور مجھ پر ثابت کردیا ہے کہ میں کتنا قابل نفرت، تنگ خیال اور حقیر شخص ہوں۔ مجھے معاف کردو۔‘‘

میری آنکھوں میں آنسو بھر آئے۔ قریب تھا کہ میں مرزا کے ہاتھ بوسہ دیتا اور اپنے آنسوؤں کو چھپانے کے ليے اس کی گود میں سر رکھ دیتا۔ مرزا صاحب کہنے لگے:

’’واہ! اس میں میری فیاضی کیا ہوئی۔ میرے پاس ایک بائیسکل ہے، جیسے میں سوار ہوا، ویسے تم سوار ہوئے۔‘‘

میں نے کہا، ’’مرزا! مفت میں نہ لوں گا۔ یہ ہر گز نہیں ہوسکتا۔‘‘

مرزا کہنے لگے، ’’بس میں اسی بات سے ڈرتا تھا۔تم حساس اتنے ہو کہ کسی کا احسان لینا گوارا نہیں کرتے۔ حالانکہ خدا گواہ ہے، احسان اس میں کوئی نہیں۔‘‘

میں نے کہا، ’’خیر کچھ بھی سہی، تم سچ مچ مجھے اس کی قیمت بتا دو۔‘‘

مرزا بولے، ’’قیمت کا ذکر کرکے تم گویا مجھے کانٹوں میں گھسیٹتے ہو اور جس قیمت پر میں نے خریدی تھی، وہ تو بہت زیادہ تھی اور اب تو وہ اتنےکی رہی بھی نہیں۔‘‘

میں نے پوچھا، ’’تم نے کتنے میں خریدی تھی؟‘‘

کہنے لگے، ’’میں نے پونے دو سو روپے میں لی تھی، لیکن اس زمانے میں بائیسکلوں کا رواج ذرا کم تھا، اس ليے قیمتیں ذرا زیادہ تھیں۔‘‘

میں نے کہا، ’’کیا بہت پرانی ہے؟‘‘

بولے، ’’نہیں ایسی پرانی بھی کیا ہوتی۔ میرا لڑکا اس پر کالج آیاجایا کرتاتھا اور اسے کالج چھوڑے ابھی دو سال بھی نہیں ہوئے۔لیکن اتنا ضرور ہے کہ آج کل کی بائیسکلوں سے ذرا مختلف ہے۔ آج کل تو بائیسکلیں ٹین کی بنتی ہے۔ جہنیں کالج کے سرپھرے لونڈے سستی سمجھ کر خریدلیتے ہیں۔ پرانی بائیسکلوں کے ڈھانچے مضبوط ہوا کرتے تھے۔‘‘

’’مگر مرزا! پونے دو سو روپے تو میں ہرگز نہیں دے سکتا۔اتنے روپے میرے پاس کہاں سے آئے؟ میں تو اس سے آدھی قیمت بھی نہیں دے سکتا۔‘‘

مرزا کہنے لگے۔‘‘ تو میں تم سے پوری قیمت تھوڑی مانگتا ہوں، اول تو قیمت لینا نہیں چاہتا۔ لیکن۔۔۔‘‘

میں نے کہا، ’’نہ مرزا قیمت تو تمہیں لینی پڑے گی۔ اچھا تم یوں کرو میں تمہاری جیب میں کچھ روپے ڈال دیتا ہوں، تم گھر جاکے گن لینا۔ اگر تمہیں منظور ہوئے تو کل بائیسکل بھیج دینا، ورنہ روپے واپس کردینا۔اب یہاں بیٹھ کر میں تم سے سودا چکاؤں، یہ تو کچھ دکان داروں کی سی بات معلوم ہوتی ہے۔‘‘

مرزا بولے، ’’بھئی جیسے تمہاری مرضی۔۔۔ میں تو اب بھی یہی کہتا ہوں کہ قیمت ویمت جانے دو لیکن میں جانتا ہوں کہ تم نہ مانو گے۔‘‘

میں اٹھ کر اندر کمرے میں آیا۔ میں نے سوچا استعمال شدہ چیز کی لوگ عام طور پر آدھی قیمت دیتے ہیں لیکن جب میں نے مرزا سے کہا تھا کہ میں تو آدھی قیمت بھی نہیں دے سکتا تو مرزا اس پر معترض نہ ہوا تھا۔ وہ بیچارہ تو بلکہ یہی کہتا تھا کہ تم مفت ہی لے لو، لیکن مفت میں کیسے لے لوں؟ آخر بائیسکل ہے؟ ایک سواری ہے۔ فٹنوں اور گھوڑوں اور موٹروں اور تانگوں کے زمرے میں شمار ہوتی ہے۔ بکس کھولا تو معلوم ہوا کہ ہست وبود کل چھیالیس روپے ہیں۔ چھیالیس روپے تو کچھ ٹھیک رقم نہیں۔ پنتالیس یا پچاس ہوں جب بھی بات ہے۔ پچاس تو ہو نہیں سکتے اور اگر پنتالیس ہی دینے ہیں تو چالیس کیوں نہ دیے جائیں۔ جن رقموں کے آخر میں صفر آتا ہے وہ رقمیں کچھ زیادہ معقول معلوم ہوتی ہیں۔ بس ٹھیک ہے، چالیس روپے دے دوں گا۔ خدا کرے مرزا قبول کرلے۔

باہر آیا چالیس روپے مٹھی میں بند کرکے میں نے مرزا کی جیب میں ڈال دیے اور کہا، ’’مرزا اس کو قیمت نہ سمجھنا۔ لیکن اگر ایک مفلس دوست کی حقیر سی رقم منظور کرنا تمہیں اپنی توہین معلوم نہ ہو تو کل بائیسکل بھجوا دینا۔‘‘

مرزا چلنے لگے تو میں نے پھر کہا کہ’’ مرزا کل ضرور صبح ہی صبح بھجوا دینا۔‘‘ رخصت ہونے سے پہلے میں نے پھر ایک دفعہ کہا۔ ’’کل صبح آٹھ نو بجےتک پہنچ جائے۔دیر نہ کردینا۔۔۔ خدا حافظ۔۔۔ اور دیکھو مرزا میرے تھوڑے سے روپوں کو بھی زیادہ سمجھنا۔۔۔ خداحافظ۔۔۔ اور تمہارا بہت بہت شکریہ، میں تمہارا بہت ممنون ہوں اور میری گستاخی کو معاف کردینا۔ دیکھونا کبھی کبھی یوں ہی بےتکلفی میں۔۔۔ کل صبح آٹھ نو بجے تک۔۔۔ ضرور۔۔۔ خداحافظ۔۔۔‘‘

مرزا کہنے لگے، ’’ذرا اس کو جھاڑپونچھ لینا اور تیل وغیرہ ڈلوا لینا۔ میرے نوکر کو فرصت ہوئی تو خود ہی ڈلوادوں گا، ورنہ تم خود ہی ڈلوا لینا۔‘‘

میں نے کہا، ’’ہاں ہاں، وہ سب کچھ ہوجائے گا۔ تم کل بھیج ضرور دینا اور دیکھنا آٹھ بجے تک یا ساڑھےسات بجے تک پہنچ جائے۔ ‘‘اچھا۔۔۔ خداحافظ۔‘‘

رات کو بستر پر لیٹا تو بائیسکل پر سیر کرنے کے مختلف پروگرام تجویز کرتا رہا۔ یہ ارادہ تو پختہ کرلیا کہ دو تین دن کے اندر اندر اردگرد کی تمام مشہور تاریخی عمارات اور کھنڈروں کو نئے سرے سے دیکھ ڈالوں گا۔ اس کے بعد اگلے گرمی کے موسم میں ہوسکا تو بائیسکل پر کشمیر وغیرہ کی سیر کروں گا۔ صبح صبح کی ہوا خوری کے ليے ہر روز نہر تک جایا کروں گا۔ شام کو ٹھنڈی سڑک پر جہاں اور لوگ سیر کو نکلیں گے میں بھی سڑک کی صاف شفاف سطح پر ہلکے ہلکے خاموشی کے ساتھ ہاتھی دانت کی ایک گیند کی مانند گزرجاؤں گا۔ ڈوبتے ہوئے آفتاب کی روشنی بائیسکل کے چمکیلے حصوں پر پڑے گی تو بائیسکل جگمگا اُٹھے گی اور ایسا معلوم ہوگا جیسے ایک راج ہنس زمین کے ساتھ ساتھ اُڑ رہاہے۔ وہ مسکراہٹ جس کا میں اوپر ذکر کرچکا ہوں ابھی تک میرے ہونٹوں پر کھیل رہی تھی۔ بارہا دل چاہا کہ ابھی بھاگ کر جاؤں اور اسی وقت مرزا کو گلے لگالوں۔

رات کو خواب میں دعائیں مانگتا رہا کہ خدایا مرزا بائیسکل دینے پر رضامند ہوجائے۔ صبح اٹھا تو اٹھنے کے ساتھ ہی نوکر نے یہ خوشخبری سنائی کہ’’ حضور! وہ بائیسکل آگئی ہے۔‘‘ میں نے کہا، ’’اتنی سویرے؟‘‘

نوکر نے کہا، ’’وہ تو رات ہی کو آگئی تھی۔ آپ سو گئے تھے میں نے جگانا مناسب نہ سمجھا اور ساتھ ہی مرزا صاحب کا آدمی یہ ڈھبریاں کسنے کا ایک اوزار بھی دے گیا ہے۔‘‘

میں حیران تو ہوا کہ مرزا صاحب نے سائیکل بھجوادینے میں اس قدر عجلت سے کیوں کام لیا لیکن اس نتیجے پر پہنچا کہ آدمی نہایت شریف اور دیانت دار ہیں۔ روپےلے ليے تھے تو بائیسکل کیوں روک رکھتے۔

نوکر سے کہا، ’’دیکھو یہ اوزار یہیں چھوڑ جاؤ اور دیکھو، بائیسکل کو کسی کپڑے سے خوب اچھی طرح جھاڑواور یہ موڑ پر جو بائیسکلوں والا بیٹھتا ہے، اس سے جا کر بائیسکل میں ڈالنے کا تیل لے آؤ اور دیکھو۔۔۔ابے بھاگا کہاں جارہا ہے، ہم ضروری بات تم سے کہہ رہے ہیں۔ بائیسکل والے سے تیل کی ایک کپی بھی لے آنا ا ور جہاں جہاں تیل دینے کی جگہ ہے وہاں تیل دے دینا اور بائیسکل والے سے کہنا کہ کوئی گھٹیا سا تیل نہ دے دے۔ جس سے تمام پرزے ہی خراب ہوجائیں۔ بائیسکل کے پرزے بڑے نازک ہوتے ہیں اور بائیسکل باہر نکال رکھو، ہم ابھی کپڑے پہن کر آتے ہیں۔ ہم ذرا سیر کو جارہےہیں اور دیکھو صاف کردینا اور بہت زور زور سے کپڑا بھی مت رگڑنا، بائیسکل کا پالش گھس جاتا ہے۔‘‘

جلدی جلدی چائے پی، غسل خانے میں بڑے جوش خروش کے ساتھ ’’چل چل چنبیلی باغ میں‘‘ گاتا رہا۔ اس کے بعد کپڑے بدلے، اوزار کو جیب میں ڈالا اور کمرے سے باہر نکلا۔ برآمدے میں آیا تو برآمدے کے ساتھ ہی ایک عجیب وغریب مشین پر نظر پڑی۔ ٹھیک طرح پہچان نہ سکا کہ کیا چیز ہے؟ نوکر سے دریافت کیا۔ ’’کیوں بے یہ کیا چیز ہے؟‘‘

نوکر بولا، ’’حضور یہ بائیسکل ہے۔‘‘

میں نے کہا، ’’بائیسکل؟ کس کی بائیسکل؟‘‘

کہنے لگا، ’’مرزا صاحب نے بھجوائی ہے آپ کے ليے۔‘‘

میں نے کہا، ’’اور جو بائیسکل رات کو انہوں نے بھیجی تھی وہ کہاں گئی؟‘‘

کہنے لگا، ’’یہی تو ہے۔‘‘

میں نے کہا، ’’کیا بکتا ہے؟ جو بائیسکل مرزا صاحب نے کل رات کو بھیجی تھی وہ بائیسکل یہی ہے؟‘‘

کہنے لگا، ’’جی ہاں۔‘‘

میں نے کہا، ’’اچھا’’ اور پھر اسے دیکھنے لگا۔

’’اس کو صاف کیوں نہیں کیا؟‘‘

’’اس کو دو تین دفعہ صاف کیا ہے؟‘‘

’’تو یہ میلی کیوں ہے؟‘‘

نوکر نے اس کا جواب دینا شاید مناسب نہ سمجھا۔

’’اور تیل لايا؟‘‘

’’ہاں حضور لایا ہوں۔‘‘

’’دیا؟‘‘

’’حضور وہ تیل دینے کے چھید ہوتے ہیں وہ نہیں ملتے۔‘‘

’’کیا وجہ؟‘‘

’’حضور دُھروں پہ میل اور زنگ جما ہے۔ وہ سوراخ کہیں بیچ ہی میں دب دبا گئے ہیں۔‘‘

رفتہ رفتہ میں اس چیز کے قریب آیا جس کو میرا نوکر بائیسکل بتا رہا تھا۔ اس کے مختلف پرزوں پر غور کیا تو اتنا تو ثابت ہوگیا کہ یہ بائیسکل ہے لیکن مجمل ہیئت سے یہ صاف ظاہر تھا کہ ہل اور رہٹ اور چرخہ اور اسی طرح کی اورایجادات سے پہلے کی بنی ہوئی ہے۔ پہیے کو گھما گھما کر وہ سوراخ تلاش کیا جہاں کسی زمانے میں تیل دیا جاتا تھا۔ لیکن اب اس سوراخ میں سے آمدورفت کا سلسلہ بند تھا۔ چنانچہ نوکر بولا، ’’حضور وہ تیل تو سب ادھر ادھربہہ جاتا ہے۔ بیچ میں تو جاتا ہی نہیں۔‘‘

میں نے کہا، ’’اچھا اوپر اوپر ہی ڈال دو۔ یہ بھی مفید ہوتا ہے’’

آخرکار بائیسکل پر سوار ہوا۔ پہلا ہی پاؤں چلایا تو ایسا معلوم ہوا جیسے کوئی مردہ اپنی ہڈیاں چٹخا چٹخا کر اپنی مرضی کے خلاف زندہ ہو رہا ہے۔ گھر سے نکلتے ہی کچھ تھوڑی سی اترائی تھی، اس پر بائیسکل خودبخود چلنے لگی لیکن اس رفتار سے جیسے تارکول زمین پر بہتا ہے اور ساتھ ہی مختلف حصوں سے طرح طرح کی آوازیں برآمد ہونی شروع ہوئیں۔ ان آوازوں کے مختلف گروہ تھے۔ چیں۔ چاں۔ چوں کی قسم کی آوازیں زیادہ تر گدی کے نیچے اور پچھلے پہیے سے نکلتی تھیں۔ کھٹ، کھڑکھڑ۔کھڑڑ کے قبیل کی آوازیں مڈگارڈوں سے آتی تھیں۔ چر۔ چرخ۔ چر۔چرخ کی قسم کے سُر زنجیر اور پیڈل سے نکلتے تھے۔ زنجیر ڈھیلی ڈھیلی تھی۔ میں جب کبھی پیڈل پر زور ڈالتا تھا، زنجیر میں ایک انگڑائی سی پیدا ہوتی تھی، جس سے وہ تن جاتی تھی اور چڑچڑ بولنے لگتی تھی اور پھر ڈھیلی ہوجاتی تھی۔

پچھلا پہیہ گھومنے کے علاوہ جھومتا بھی تھا۔ یعنی ایک تو آگے کو چلتا تھا اور اس کے علاوہ داہنے سے بائیں اور بائیں سے داہنے کو بھی حرکت کرتا تھا۔ چنانچہ سڑک پر جو نشان پڑ جاتا تھا اس کو دیکھ کر ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے کوئی مخمور سانپ لہرا کر نکل گیا ہے۔ مڈگارڈ تھے تو سہی لیکن پہیوں کے عین اوپر نہ تھے۔ ان کا فائدہ صرف یہ معلوم ہوتا تھا کہ انسان شمال کی سمت سیر کرنے کو نکلے اور آفتاب مغرب میں غروب ہورہا ہو تو مڈگارڈوں کی بدولت ٹائر دھوپ سے بچے رہیں گے۔ اگلے پہیے کے ٹائر میں ایک بڑا سا پیوند لگا تھا جس کی وجہ سے پہیہ ہر چکر میں ایک دفعہ لمحہ بھر کو زور سے اوپر اُٹھ جاتا تھا اور میرا سر پیچھے کو یوں جھٹکے کھا رہا تھا جیسے کوئی متواتر ٹھوڑی کے نیچے مکے مارے جا رہا ہو۔ پچھلے اور اگلے پہیے کو ملا کر چوں چوں پھٹ۔ چوں چوں پھٹ۔۔۔ کی صدا نکل رہی تھی۔

جب اتار پر بائیسکل ذراتیز ہوئی توفضامیں ایک بھونچال سا آگیااور بائیسکل کے کئی اور پرزے جو اب تک سو رہےتھے۔ بیدار ہو کر گویا ہوئے۔ ادھر ادھرکے لوگ چونکے۔ ماؤں نے اپنے بچوں کو اپنے سینے سے لگا لیا۔ کھڑڑکھڑڑ کےبیچ میں پہیوں کی آواز جدا سنائی دے رہی تھی، لیکن چونکہ بائیسکل اب پہلے سے تیز تھی اس ليے چوں چوں پھٹ، چوں چوں پھٹ کی آواز نے اب چچوں پھٹ، چچوں پھٹ، کی صورت اختیار کرلی تھی۔ تمام بائیسکل کسی ادق افریقی زبان کی گردانیں دہرا رہی تھی۔

اس قدر تیز رفتاری بائیسکل کی طبع نازک پر گراں گزری۔ چنانچہ اس میں یک لخت دو تبدیلیاں واقع ہوگئیں۔ ایک تو ہینڈل ایک طرف کو مڑ گیا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ میں جاتو سامنے کو رہا تھا لیکن میرا تمام جسم دائیں طرف کو مڑا ہوا تھا۔ اس کے علاوہ بائیسکل کی گدی دفعتہً چھ انچ کے قریب نیچے بیٹھ گئی۔ چنانچہ جب پیڈل چلانے کے ليے میں ٹانگیں اوپر نیچے کر رہا تھا تو میرے گھٹنے میری تھوڑی تک پہنچ جاتے تھے۔ کمردہری ہو کر باہر کو نکلی ہوئی تھی اور ساتھ ہی اگلے پہیے کی اٹھکھیلیوں کی وجہ سے سر برابر جھٹکے کھا رہا تھا۔

گدی کا نیچا ہوجانا ازحد تکلیف دہ ثابت ہوا۔ اس ليے میں نے مناسب یہی سمجھا کہ اس کو ٹھیک کرلوں۔ چنانچہ میں نے بائیسکل کو ٹھہرا لیا اور نیچے اترا۔ بائیسکل کے ٹھہر جانے سے یک لخت جیسے دنیا میں ایک خاموشی سی چھا گئی۔ ایسا معلوم ہوا جیسے میں کسی ریل کے اسٹیشن سے نکل کر باہر آگیا ہوں۔ جیب سے میں نے اوزار نکالا، گدی کو اونچا کیا، کچھ ہینڈل کو ٹھیک کیا اور دوبارہ سوار ہوگیا۔

دس قدم بھی چلنے نہ پایا تھا کہ اب کے ہینڈل یک لخت نیچا ہوگیا۔ اتنا کہ گدی اب ہینڈل سے کوئی فٹ بھر اونچی تھی۔ میرا تمام جسم آگے کو جھکا ہوا تھا، تمام بوجھ دونوں ہاتھوں پر تھا، جو ہینڈل پر رکھے تھے اور برابر جھٹکے کھا رہے تھے۔ آپ میری حالت کو تصور کریں تو آپ معلوم ہوگا کہ میں دور سے ایسا معلوم ہو رہا تھا، جیسے کوئی عورت آٹا گوندھ رہی ہو۔ مجھے اس مشابہت کا احساس بہت تیز تھا جس کی وجہ سے میرے ماتھے پر پسینہ آگیا۔ میں دائیں بائیں لوگوں کو کنکھیوں سے دیکھتا جاتا تھا۔ یوں تو ہر شخص میل بھر پہلے ہی سے مڑ مڑ کر دیکھنے لگتا تھا لیکن ان میں کوئی بھی ایسا نہ تھا جس کے لیے میری مصیبت ضیافت طبع کا باعث نہ ہو۔

ہینڈل تو نیچا ہو ہی گیا تھا۔ تھوڑی دیر کے بعد گدی بھی پھر نیچی ہوگئی اور میں ہمہ تن زمین کے قریب پہنچ گیا۔ ایک لڑکے نے کہا، ’’دیکھو یہ آدمی کیا کر رہا ہے‘‘۔ گویا اس بدتمیز کے نزدیک میں کوئی کرتب دکھا رہا تھا۔ میں نے اتر کر پھر ہینڈل اور گدی کو اونچا کیا۔لیکن تھوڑی دیر کے بعد ان میں سے ایک نہ ایک پھر نیچا ہوجاتا۔ وہ لمحے جن کے دوران میں میرے ہاتھ اور میرا جسم دونوں ہی بلندی پر واقع ہوں بہت ہی کم تھے اور ان میں بھی میں یہی سوچتا رہتا تھا کہ اب کےگدی پہلے بیٹھے گی یا ہینڈل؟ چنانچہ نڈر ہو کر نہ بیٹھتا بلکہ جسم کو گدی سے قدرے اوپر ہی رکھتا لیکن اس سے ہینڈل پر اتنا بوجھ پڑ جاتا کہ وہ نیچا ہو جاتا۔

جب دو میل گزر گئے اور بائیسکل کی اٹھک بیٹھک نے ایک مقرر باقاعدگی اختیار کرلی تو فیصلہ کیا کہ کسی مستری سے پیچ کسوا لینے چاہئیں۔ چنانچہ بائیسکل کو ایک دکان پر لے گیا۔ بائیسکل کی کھڑکھڑ سے دوکان میں جتنے لوگ کام کر رہے تھے، سب کے سب سر اٹھا کر میری طرف دیکھنے لگے، لیکن میں نے جی کڑا کرکے کہا، ’’ذرا اس کی مرمت کردیجئے۔‘‘ ایک مستری آگے بڑھا۔ لوہے کی ایک سلاخ اس کے ہاتھ میں تھی جس سے اس نے مختلف حصوں کو بڑی بےدردی سے ٹھوک بجا کر دیکھا۔ معلوم ہوتا تھا اس نے بڑی تیزی کے ساتھ سب حالات کا اندازہ لگا لیا ہے لیکن پھر بھی مجھ سے پوچھنے لگا، ’’کس کس پرزے کی مرمت کرائیے گا؟‘‘

میں نے کہا۔ ’’بڑے گستاخ ہو تم دیکھتے نہیں کہ صرف ہینڈل اور گدی کو ذرا اونچا کروا کے کسوانا ہے۔ بس اور کیا؟ ان کو مہربانی کرکے فوراً ٹھیک کردو اور بتاؤ کتنے پیسے ہوئے؟‘‘

مستری نے کہا، ’’مڈگارڈ بھی ٹھیک نہ کردوں؟‘‘

میں نے کہا، ’’ہاں، وہ بھی ٹھیک کردو۔‘‘

کہنے لگا، ’’اگر آپ باقی چیزیں بھی ٹھیک کرالیں تو اچھا ہو۔‘‘

میں نے کہا، ’’اچھا کردو۔‘‘

بولا، ’’یوں تھوڑا ہوسکتا ہے۔ دس پندرہ دن کا کام ہے آپ اسے ہمارے پاس چھوڑ جائیے۔‘‘

’’اور پیسے کتنے لو گے؟‘‘

کہنے لگا، ’’بس چالیس روپے لگیں گے۔‘‘

ہم نے کہا، ’’بس جی۔ جو کام تم سے کہا ہے کردو اور باقی ہمارے معاملات میں دخل مت دو۔‘‘

تھوڑی دیر میں ہینڈل اور گدی پھر اونچی کرکے کس دی گئی۔ میں چلنے لگا تو مستری نے کہا، ’’میں نے کس تو دیا ہے لیکن پیچ سب گھسے ہوئے ہیں، ابھی تھوڑی دیر میں پھر ڈھیلے ہو جائیں گے۔‘‘

میں نے کہا، ’’بدتمیز کہیں کا،تو دو آنے پیسے مفت میں لے ليے؟‘‘

بولا، ’’جناب آپ کو بائیسکل بھی تو مفت میں ملی ہوگی، یہ آپ کے دوست مرزا صاحب کی ہے نا؟ للّو یہ وہی بائیسکل ہے جو پچھلے سال مرزا صاحب یہاں بیچنے کو لائے تھے۔ پہچانی تم نے؟ بھئی صدیاں ہی گزر گئیں، لیکن اس بائیسکل کی خطامعاف ہونے میں نہیں آتی۔‘‘

میں نے کہا، ’’واہ مرزا صاحب کے لڑکے اس پر کالج آیا جایا کرتے تھے اور ان کو ابھی کالج چھوڑے دو سال بھی نہیں ہوئے۔‘‘

مستری نے کہا، ’’ہاں وہ تو ٹھیک ہے، لیکن مرزا صاحب خود جب کالج میں پڑھتے تھے تو ان کے پاس بھی تو یہی بائیسکل تھی۔‘‘

میری طبیعت یہ سن کر کچھ مردہ سی ہوگئی۔ میں بائیسکل کو ساتھ ليے آہستہ آہستہ پیدل چل پڑا۔ لیکن پیدل چلنا بھی مشکل تھا۔ اس بائیسکل کے چلانے میں ایسے ایسے پٹھوں پر زور پڑتا تھا جو عام بائیسکلوں کو چلانے میں استعمال نہیں ہوتے۔ اس ليے ٹانگوں اور کندھوں اور کمر اور بازوؤں میں جابجا درد ہورہا تھا۔ مرزا کا خیال رہ رہ کر آتا تھا۔ لیکن میں ہر بار کوشش کرکے اسے دل سے ہٹا دیتا تھا، ورنہ میں پاگل ہوجاتا، اور جنون کی حالت میں پہلی حرکت مجھ سے یہ سرزد ہوتی، کہ مرزا کے مکان کے سامنے بازار میں ایک جلسہ منعقدکرتا، جس میں مرزا کی مکاری، بےایمانی اور دغابازی پر ایک طویل تقریر کرتا۔ کل بنی نوع انسان اور آئندہ آنے والی نسلوں کو مرزا کی ناپاک فطرت سے آگاہ کردیتا اور اس کے بعد ایک چتا جلا کر اس میں زندہ جل کر مر جاتا۔

میں نے بہتر یہی سمجھا کہ جس طرح ہوسکے، اب اس بائیسکل کو اونے پونے داموں میں بیچ کر جو وصول ہواسی پر صبر شکر کروں۔ بلا سے دس پندرہ روپیہ کا خسارہ سہی۔ چالیس کے چالیس روپے تو ضائع نہ ہوں گے۔ راستے میں بائیسکلوں کی ایک اور دکان آئی وہاں ٹھہر گیا۔ دکاندار بڑھ کر میرے پاس آیا، لیکن میری زبان کو جیسے قفل لگ گیا تھا۔ عمر بھر کسی چیز کے بیچنے کی نوبت نہ آئی تھی۔ مجھے یہ بھی معلوم نہیں کہ ایسے موقع پر کیا کہتے ہیں آخر بڑے سوچ بچار اور بڑے تامل کے بعد منہ سے صرف اتنا نکلا کہ یہ’’ بائیسکل‘‘ ہے۔

دکاندار کہنے لگا، ’’پھر؟‘‘

میں نے کہا، ’’لو گے۔‘‘

کہنے لگا، ’’کیا مطلب؟‘‘

میں نے کہا، ’’یچتے ہیں ہم۔‘‘

دکاندار نے مجھے ایسے نظر سے دیکھا کہ مجھے یہ محسوس ہوا مجھ پر چوری کا شبہ کر رہا ہے۔ پھر بائیسکل کو دیکھا۔ پھر مجھے دیکھا، پھر بائیسکل کو دیکھا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ فیصلہ نہیں کرسکتا، آدمی کون سا ہے اور بائیسکل کون سی ہے؟ آخرکار بولا، ’’کیا کریں گے آپ اس کو بیچ کر؟‘‘

ایسے سوالوں کا خدا جانے کیا جواب ہوتا ہے۔ میں نے کہا، ’’کیا تم یہ پوچھنا چاہتے ہو کہ جو روپے مجھے وصول ہوں گے ان کا مصرف کیا ہوگا؟‘‘

کہنے لگا، ’’وہ تو ٹھیک ہے مگر کوئی اس کو لے کر کرے گا کیا؟‘‘

میں نے کہا، ’’اس پر چڑھے گا اور کیا کرے گا۔‘‘

کہنے لگا، ’’اچھا چڑھ گیا۔ پھر؟‘‘

میں نے کہا، ’’پھر کیا؟ پھر چلائے گا اور کیا؟‘‘

دکاندار بولا، ’’اچھا؟ ہوں۔ خدا بخش ذرا یہاں آنا۔ یہ بائیسکل بکنے آئی ہے۔‘‘

جن حضرت کا اسم گرامی خدا بخش تھا، انہوں نے بائیسکل کو دور ہی سے یوں دیکھا جیسے بو سونگھ رہے ہوں۔ اس کے بعد دونوں نے آپس میں مشورہ کیا، آخر میں وہ جن کا نام خدا بخش نہیں تھا میرے پاس آئے اور کہنے لگے، ’’تو آپ سچ مچ بیچ رہے ہیں؟‘‘

میں نے کہا، ’’تو اور کیا۔ محض آپ سے ہم کلام ہونے کا فخر حاصل کرنے کے ليے میں گھر سے یہ بہانہ گڑھ کر لایا تھا؟‘‘

کہنے لگا، ’’تو کیا لیں گے آپ؟‘‘

میں نے کہا، ’’تم ہی بتاؤ۔‘‘

کہنے لگا، ’’سچ مچ بتاؤں؟‘‘

میں نے کہا، ’’اب بتاؤ گے بھی یا یوں ہی ترساتے رہو گے؟‘‘

کہنے لگا، ’’تین روپے دوں گااس کے۔‘‘

میرا خون کھول اٹھا اور میرے ہاتھ پاؤں اور ہونٹ غصے کے مارے کانپنے لگے۔ میں نے کہا:

’’او صنعت وحرفت سے پیٹ پالنے والے نچلے طبقے کے انسان، مجھے اپنی توہین کی پروا نہیں لیکن تونے اپنی بیہودہ گفتاری سے اس بےزبان چیز کو جو صدمہ پہنچایا ہے، اس کے ليے میں تجھے قیامت تک معاف نہیں کرسکتا۔‘‘ یہ کہہ کر میں بائیسکل پر سوار ہوگیا اور اندھا دھند پاؤں چلانے لگا۔

مشکل سے بیس قدم گیا ہوں گاکہ مجھے ایسا معلوم ہوا جیسے زمین یک لخت اچھل کر مجھ سے آلگی ہے۔ آسمان میرے سر پر سے ہٹ کر میری ٹانگوں کے بیچ میں سے گزر گیا اور ادھر اُدھر کی عمارتوں نے ایک دوسرے کے ساتھ اپنی اپنی جگہ بدل لی ہے۔ حواس بجا ہوئے تو معلوم ہوا میں زمین پر اس بےتکلفی سے بیٹھا ہوں، گویا بڑی مدت سے مجھے اس بات کا شوق تھا جو آج پورا ہوا۔ اردگرد کچھ لوگ جمع تھے جس میں سے اکثر ہنس رہے تھے۔ سامنے دکان تھی جہاں ابھی ابھی میں نے اپنی ناکام گفت وشنید کا سلسلہ منقطع کیا تھا۔

میں نے اپنے گردوپیش پر غور کیا تو معلوم ہوا کہ میری بائیسکل کا اگلہ پہیہ بالکل الگ ہو کر لڑھکتا ہوا سڑک کے اس پار جاپہنچا ہے اور باقی سائیکل میرے پاس پڑی ہے۔ میں نے فوراً اپنے آپ کو سنبھالا۔ جو پہیہ الگ ہوگیا تھا اس کو ایک ہاتھ میں اٹھایا دوسرے ہاتھ میں باقی ماندہ بائیسکل کو تھاما اور چل کھڑا ہوا۔ یہ محض ایک اضطراری حرکت تھی ورنہ حاشا وکلا وہ بائیسکل مجھے ہرگز اتنی عزیز نہ تھی کہ میں اس کو اس حالت میں ساتھ ساتھ لیے پھرتا۔

جب میں یہ سب کچھ اٹھا کر چل دیا تو میں نے اپنے آپ سے پوچھا کہ یہ تم کیا کر رہے ہو، کہاں جارہے ہو؟ تمہارارادہ کیا ہے۔ یہ دو پہیے کاہے کو لے جارہے ہو؟سب سوالوں کا جواب یہی ملا کہ دیکھا جائے گا۔ فی الحال تم یہاں سے چل دو۔ سب لوگ تمہیں دیکھ رہے ہیں۔ سر اونچا رکھو اور چلتے جاؤ۔ جو ہنس رہے ہیں، انہیں ہنسنے دو، اس قسم کے بیہودہ لوگ ہر قوم اور ہر ملک میں پائے جاتے ہیں۔ آخر ہوا کیا۔ محض ایک حادثہ۔ بس دائیں بائیں مت دیکھو۔ چلتے جاؤ۔

لوگوں کے ناشائستہ کلمات بھی سنائی دے رہے تھے۔ ایک آواز آئی، ’’بس حضرت غصہ تھوک ڈالیئے۔‘‘ ایک دوسرے صاحب بولے، ’’بےحیا بائیسکل، گھر پہنچ کے تجھے مزا چکھاؤں گا۔‘‘ ایک والد اپنے لخت جگر کی انگلی پکڑے جارہے تھے۔ میری طرف اشارا کرکے کہنے لگے، ’’دیکھو بیٹا یہ سرکس کی بائیسکل ہے۔ اس کے دونوں پہیے الگ الگ ہوتے ہیں۔‘‘

لیکن میں چلتا گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد میں آبادی سے دور نکل گیا۔ اب میری رفتار میں ایک عزیمت پائی جاتی تھی۔ میرا دل جو کئی گھنٹوں سے ایک کشمکش میں پیچ وتاب کھا رہا تھا، اب بہت ہلکا ہوگیا تھا۔ میں چلتا گیا۔ چلتا گیا، حتیٰ کہ دریا پر جاپہنچا۔ پل کے اوپر کھڑے ہوکر میں نے دونوں پہیوں کو ایک ایک کرکے اس بےپروائی کے ساتھ دریا میں پھینک دیا جیسے کوئی لیٹر بکس میں خط ڈالتا ہے،اور واپس شہر کو روانہ ہوگیا۔

سب سے پہلے مرزا کے گھر گیا۔ دروازا کھٹکھٹایا۔ مرزا بولے، ’’اندر آجاؤ۔‘‘

میں نے کہا، ’’آپ ذرا باہر تشریف لائیے۔ میں آپ جیسے خدا رسیدہ بزرگ کے گھر میں وضو کيے بغیر کیسے داخل ہوسکتا ہوں۔‘‘

باہر تشریف لائے تو میں نے وہ اوزار ان کی خدمت میں پیش کیا، جو انہوں نے بائیسکل کے ساتھ مفت ہی مجھ کو عنایت فرمایا تھا اور کہا:

’’مرزا صاحب آپ ہی اس اوزار سے شوق فرمایا کیجیے، میں اب اس سے بےنیاز ہوچکا ہوں۔‘‘

گھر پہنچ کر میں نے پھر علم کیمیا کی اس کتاب کا مطالعہ شروع کیا جو میں نے ایف۔ اے میں پڑھی تھی۔

Related Articles

Stay Connected

2,000FansLike
2,000FollowersFollow
2,000SubscribersSubscribe
گوشۂ خاصspot_img

Latest Articles