دردِ شقیقہ
یہ ایک قسم کا نوبتی سر درد ہے جو اکثر سر کے نصف حصہ طولانی میں ہوتا ہے۔ بعض افراد کو یہ مرض ورثہ میں ملتی ہے۔
کبھی کبھار نزلہ و زکام سے بگڑ کر بھی ہو جایا کرتا ہے۔ دردِ شقیقہ میں سر گھومتا ہے اور اس میں سے چنگاریاں سی نکلتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں۔
کنپٹیوں کی رگیں زور زور سے تڑپنے لگتی ہیں۔
متلی محسوس ہوتی ہے اور اتنا شدید سر درد ہوتا ہے کہ سر پھٹتا ہوا محسوس ہوتا ہے اور روشنی سے وحشت ہو جاتی ہے۔
دردِ شقیقہ کا علاج
(1)
اس طریقے سے ایک ہی دفعہ ناک میں ٹپکانے سے درد کو افاقہ ہونا شروع ہو جاتا ہے۔
نمک دیسی دو ماشہ، پانی دو تولہ۔ ہر دو کو کھرل کریں اور تھوڑا عرصہ خوب کھرل کر کے دو چار منٹ بعد پانی نتھار کر شیشی میں سنبھال کر رکھ لیں اور بوقت ضرورت ناک میں ٹپکائیں۔ درد موقوف ہو گا۔ مجرب ہے۔
(2)
مرچ سیاہ ایک ماشہ، مرغی کی بیٹ سوا تولہ
مرچ سیاہ باریک کر کے بیٹ مذکور میں ملا کر پیشانی پر لیپ کریں۔ ان شا اللہ پانچ منٹ میں آرام آ جائے گا۔ پرانے سے پرانا درد شقیقہ میں مفید اور مجرب ہے۔
(3)
کنیر سفید کے پتوں کو سایہ میں خشک کر کے نہایت باریک پیس کر رکھیں۔
شقیقہ میں جس طرف درد ہو، اسی طرف کے نتھنے میں بطور نسوار لیں۔ چھینکیں آئیں گی اور ناک سے پانی خارج ہو گا۔ ان شا اللہ اس معمولی ٹوٹکے سے درد سر کو افاقہ ہو گا۔
(4)
دیسی نارنگی کا تازہ چھلکا لے کر چینی کے برتن میں دبا کر پانی حاصل کریں۔ اس کو مرغی کے پر سے لگا کر درد کے مخالف کان میں اندر کے سوراخ میں ایک دم پھیر دیں۔ جس سے ایک درد کی ٹیس کان میں اُٹھ کر درد بند ہو جائے گا۔
(5)
آک کی لکڑی جس میں سوراخ ہو، اس کو ایک طرف سے آگ لگائیں۔ دوسری طرف جو دھواں برآمد ہو اس کی درد کے مخالف جانب والے نتھنے میں پھونک ماریں۔ بفضلہ فوراً آرام ہو گا۔
(6)
آدھا سیسی اور بلغمی درد سر کے لیے رائی ملتانی حسب ضرورت لے کر اسے گرم پانی میں گھوٹ کر مقام درد پر لیپ کریں۔ جب جلد پر خارش یا جلن سی محسوس ہو تو فوراً اُتار کر گرم پانی سے دھو ڈالیں اور اس پر میٹھا تیل یا گھی لگا دیں
(7)
سرکہ خالص چند قطرے کسی پتھر پر ڈال کر صدف خورد(سیپی) گھسائیں تاکہ ضماد بن جائے۔ درد کی جگہ کنپٹی سے لے کر ابرو تک لیپ کر دیں۔ خشک ہونے پر درد دُور ہو جاتا ہے۔ اگر آرام نہ آئے تو پھر لگا دیں۔
(8)
پوست الائچی سفید پیس کر نیم گرم پیشانی پر ضماد کرنے سے ہر قسم کا درد ختم ہو جاتا ہے۔
(9)
پرانے جوتے کا تلا جلا کر کوئلہ بنا لیں اور باریک کر کے بطور نسوار سونگھیں۔ ان شا اللہ سر درد جاتا رہے گا۔ اس کے استعمال سے کرم دماغ بھی خارج ہو جاتے ہیں۔